امریکی فضائی اڈے کے قریب ہنگامی صورتحال، متعدد افراد گرفتار

امریکی فضائی اڈے کے قریب ہنگامی صورتحال، متعدد افراد گرفتار

لندن: برطانیہ کے مغربی علاقے گلوڈیستر شائر میں امریکی فضائیہ کے زیرِ استعمال اہم ایئربیس کے قریب پولیس نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے متعدد املاک خالی کرا لیں اور کئی افراد کو گرفتار کرلیا۔

واقعہ گلوڈیستر شائر کے علاقے ویل فورڈ میں پیش آیا، جہاں پولیس کارروائی کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لینے کے بعد فوج کی بم ڈسپوزل ٹیم کو طلب کیا گیا۔ بم ڈسپوزل ماہرین علاقے میں موجود متعدد گاڑیوں کا معائنہ کر رہے ہیں۔

گلوڈیستر شائر پولیس کے مطابق ویل فورڈ میں شہریوں کے تحفظ کیلئے متعدد املاک کو احتیاطی طور پر خالی کرایا جا رہا ہے۔ گرفتار افراد پر ایکسپلوزوز ایکٹ کے تحت جرائم میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

حکام نے علاقے میں ایک بڑے واقعے کا اعلان کرتے ہوئے سکیورٹی اقدامات مزید سخت کردیئے ہیں، تاہم تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ زیرِ تفتیش گاڑیوں سے کوئی دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے یا نہیں۔

پولیس نے واقعے کے محرکات کے حوالے سے بھی کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔ ویل فورڈ گاؤں مذکورہ ایئربیس کے قریب واقع ہے، جو برطانوی فضائیہ کا اڈہ ہے اور امریکی فضائیہ بھی اسے استعمال کرتی ہے۔

پولیس اور بم ڈسپوزل ماہرین کی کارروائی جاری ہے، جبکہ مقامی رہائشیوں کو احتیاطی تدابیر کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ حکام کی جانب سے مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

More News