ملک میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر کمی، فی تولہ 4 لاکھ 83 ہزار 36 روپے کا ہوگیا
کراچی: ملک میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 3 ہزار 500 روپے کم ہوکر 4 لاکھ 83 ہزار 36 روپے ہوگئی۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی قیمت میں تازہ کمی کے بعد 10 گرام سونا بھی 3 ہزار 100 روپے سستا ہوگیا، جس کے بعد اس کی قیمت 4 لاکھ 14 ہزار 125 روپے مقرر ہوگئی ہے۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق سونے کی قیمت میں یہ کمی عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔ مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت عالمی نرخ، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر اور طلب و رسد سمیت مختلف عوامل سے متاثر ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل منگل کو ہونے والے آخری کاروباری روز سونے کی قیمت میں 600 روپے فی تولہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 86 ہزار 536 روپے تک پہنچ گیا تھا۔
تازہ کمی کے بعد سونے کی قیمت دوبارہ 4 لاکھ 83 ہزار روپے کی سطح پر آگئی ہے، تاہم بلند قیمتوں کے باعث سونا اب بھی عام صارفین کی پہنچ سے کافی دور ہے۔
صرافہ مارکیٹ سے وابستہ افراد کے مطابق عالمی مارکیٹ اور ملکی معاشی صورتحال میں ہونے والی تبدیلیوں کے باعث آنے والے دنوں میں سونے کی قیمت میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان برقرار ہے۔








