امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، عطا تارڑ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر حکومت امن و امان کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گی اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حالیہ انتخابات پرامن، شفاف اور منصفانہ انداز میں منعقد ہوئے، جس میں عوام نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے جمہوری عمل پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیر اطلاعات نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ راولاکوٹ میں امن و امان کی صورتحال پر مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابی عمل میں تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے بھرپور حصہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی مہم کے دوران جلسے، کارنر میٹنگز، گھر گھر رابطہ مہم اور دیگر سیاسی سرگرمیاں مکمل آزادی کے ساتھ جاری رہیں، جبکہ میرپور ڈویژن میں تقریباً چھ لاکھ ووٹ ڈالے گئے، جو عوامی اعتماد اور جمہوری عمل کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے الزام عائد کیا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی انتخابات کے کامیاب انعقاد کو برداشت نہ کر سکی اور بعض عناصر نے تشدد کے ذریعے امن خراب کرنے کی کوشش کی۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے بھی واضح کیا گیا ہے کہ پرتشدد کارروائیوں میں ملوث افراد سے ممنوعہ اسلحہ برآمد ہوا اور انہوں نے فائرنگ کرکے علاقے کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا مؤقف پہلے دن سے واضح ہے کہ یہ پرامن احتجاج نہیں بلکہ ایک منظم گروہ کی کارروائیاں ہیں، جو مبینہ طور پر بیرونی ایجنڈے اور بھارتی فنڈنگ کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایسے عناصر کا اصل چہرہ اب عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے اور کشمیری عوام نے انہیں مسترد کرتے ہوئے جمہوری راستے کا انتخاب کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان آزاد کشمیر حکومت کے ہر اس اقدام کی مکمل حمایت کرتی ہے جس کا مقصد امن و امان برقرار رکھنا، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور ریاست میں انتشار پھیلانے والوں کا راستہ روکنا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے، ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے یا عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بعض عناصر کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم حکومت ایسی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر میں امن، ترقی اور جمہوری عمل کا تسلسل ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور قانون شکنی میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی بلاامتیاز جاری رہے گی۔








