ایرانی کرکٹ ایسوسی ایشن کے وفد کا پی سی بی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق
لاہور: اسلامی جمہوریہ ایران کرکٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہیڈکوارٹرز، قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں پاکستان اور ایران کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور کھیل کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وفد نے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید اور پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک میں کرکٹ کے فروغ، کھلاڑیوں کی تربیت اور کوچنگ کے شعبے میں باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دونوں جانب سے ایرانی کرکٹ ٹیموں کو پاکستانی کوچنگ اور تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے امکانات پر غور کیا گیا۔ اس حوالے سے پاکستانی کوچز کی جانب سے ایران کی جونیئر اور سینئر ٹیموں کو تربیتی تجربہ، تکنیکی مہارت اور کوچنگ کی سہولیات فراہم کرنے پر بھی بات چیت ہوئی۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق رائے کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان کوچنگ کے علم اور تجربات کا تبادلہ کیا جائے، جبکہ کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی میں بھی ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے۔ ایران میں کرکٹ کے فروغ کے لیے کھیلوں اور کرکٹ کے ضروری سامان کی فراہمی میں ممکنہ تعاون بھی زیرِ بحث آیا۔
ایرانی وفد نے جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کی ضروریات اور ان کی تربیت کے حوالے سے بھی مختلف امور سے آگاہ کیا۔ وفد نے قذافی اسٹیڈیم، کرکٹ میوزیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی جدید تربیتی سہولیات کا دورہ کیا اور پاکستان میں کرکٹ کے ڈھانچے اور تربیتی نظام کا جائزہ لیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق ایران کرکٹ ایسوسی ایشن ملک میں کرکٹ کی ترقی کی نمائندہ تنظیم ہے، جبکہ ایران 2006 میں ایشین کرکٹ کونسل کے مقابلوں میں شامل ہوا تھا۔
ملاقات کے اختتام پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایرانی کرکٹ ایسوسی ایشن نے دونوں ممالک میں کرکٹ کے فروغ، کھلاڑیوں کی تربیت، کوچنگ اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں مزید تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔





