ایف بی آر کا براہِ راست رابطے کے بغیر ٹیکس جانچ پڑتال کا نظام متعارف کرانے کا منصوبہ
وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس نظام میں شفافیت بڑھانے اور ٹیکس معاملات کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے براہِ راست رابطے کے بغیر ٹیکس جانچ پڑتال کا نظام متعارف کرانے کی تجویز پیش کردی ہے۔ مجوزہ نظام کے تحت ٹیکس دہندگان اپنے جوابات اور ضروری دستاویزات آن لائن پورٹل آئی آر آئی ایس کے ذریعے جمع کرا سکیں گے۔
مجوزہ تبدیلیوں کے تحت فیس لیس اسیسمنٹ یونٹ کو ٹیکس عائد کرنے، ٹیکس میں ترمیم کرنے، نوٹس جاری کرنے اور جرمانے عائد کرنے کے اختیارات دینے کی تجویز ہے۔ اس مقصد کے لیے انکم ٹیکس قواعد میں نئی شق شامل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
مجوزہ نظام میں ٹیکس افسران کو آن لائن سماعت کرنے اور ضرورت پڑنے پر جسمانی تصدیق کی اجازت دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ٹیکس معاملات سے متعلق اپیلوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کی ذمہ داری بھی فیس لیس اسیسمنٹ یونٹ کو سونپنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ایف بی آر کے مجوزہ منصوبے کے مطابق ٹیکس دہندگان کو اپنا مؤقف پیش کرنے اور متعلقہ دستاویزات فراہم کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ اس نظام کا مقصد ٹیکس حکام اور شہریوں کے درمیان براہِ راست رابطے کی ضرورت کم کرکے ٹیکس جانچ پڑتال کے عمل کو زیادہ شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔
ایف بی آر نے مجوزہ تبدیلیوں پر اعتراضات اور تجاویز جمع کرانے کے لیے متعلقہ فریقین کو تین دن کی مہلت دی ہے۔ یہ تبدیلیاں فی الحال تجاویز کی صورت میں ہیں، جن پر مشاورت کے بعد پیش رفت متوقع ہے۔








