چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا باضابطہ آغاز، معلومات کے تبادلے کو فروغ دینے کا عزم
پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں اسلام آباد میں چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا باضابطہ آغاز کردیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون بڑھانا، معلومات کے تبادلے کو بہتر بنانا اور غلط و گمراہ کن خبروں کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا ہے۔
افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ، چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور دونوں ممالک کے عوام کے دلوں اور ذہنوں کو جوڑنے کا پل بنے گا۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے رابطوں اور معلومات کے تبادلے کو فروغ دے کر دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لایا جاسکے گا۔
عطا اللہ تارڑ نے پاک چین دوستی کو آہنی بھائی چارے کی منفرد مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات ہر آزمائش میں مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نے توانائی منصوبوں کے ذریعے ترقی کی نئی راہیں کھولی ہیں، جبکہ انفارمیشن کوریڈور معلومات کی درست فراہمی اور سچائی کے فروغ میں کردار ادا کرسکتا ہے۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے بھی منصوبے کے آغاز پر مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے، ثقافت اور روایات کو سمجھنے اور گمراہ کن معلومات کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔
چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کو دونوں ممالک کے میڈیا تعاون اور عوامی روابط مضبوط بنانے کی کوششوں میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔








