اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی، یو اے ای کے کرکٹر آصف خان پر 15 ماہ کی پابندی
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر متحدہ عرب امارات کے کرکٹر آصف خان پر 15 ماہ کی پابندی عائد کردی۔
آئی سی سی کے مطابق آصف خان نے ممنوعہ مواد کے استعمال سے متعلق خلاف ورزی پر 15 ماہ کی سزا قبول کرلی ہے۔ ان کا ڈوپ ٹیسٹ 8 ستمبر 2025 کو کیا گیا تھا، جس کے بعد ان پر عارضی پابندی عائد کی گئی۔
آئی سی سی کے مطابق آصف خان پر پابندی 8 ستمبر 2025 سے 7 دسمبر 2026 تک برقرار رہے گی۔ تاہم انہیں 8 اکتوبر 2026 سے ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کرنے اور کلب یا آئی سی سی کی رکن تنظیم کی سہولیات استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ وہ 8 دسمبر 2026 سے مسابقتی کرکٹ میں واپسی کے اہل ہوں گے۔
اینٹی ڈوپنگ ضابطے کے تحت 8 ستمبر سے 29 دسمبر 2025 تک آصف خان کے انفرادی نتائج بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ اس عرصے کے دوران حاصل کیے گئے میڈلز، پوائنٹس، انعامی رقم اور دیگر اعزازات بھی واپس لیے جائیں گے۔
آصف خان 2022 میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کے بعد متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے اہم کھلاڑیوں میں شامل رہے ہیں۔ انہوں نے یو اے ای کی جانب سے 38 ون ڈے انٹرنیشنل اور 56 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں۔
آصف خان کا یو اے ای کی جانب سے آخری باضابطہ بین الاقوامی میچ 17 ستمبر 2025 کو دبئی میں پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل تھا۔
ان کا آخری آفیشل میچ گزشتہ سال دسمبر میں انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی میں گلف جائنٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے ایم آئی ایمریٹس کے خلاف تھا۔
آئی سی سی کی پابندی کے باعث آصف خان کو طویل عرصے تک مسابقتی کرکٹ سے دور رہنا پڑے گا، تاہم دسمبر 2026 میں پابندی مکمل ہونے کے بعد وہ دوبارہ بین الاقوامی اور دیگر مسابقتی مقابلوں میں شرکت کے اہل ہوجائیں گے۔








