بارکھان آپریشن: شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیر داخلہ بلوچستان
کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے بارکھان میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بارکھان کے علاقے میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے جرات اور دلیری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا اور عظیم قربانیاں پیش کیں۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے شہید میجر توصیف احمد بھٹی، نائب فدا حسین، سپاہی ذاکر حسین، سپاہی سہیل احمد اور سپاہی محمد ایاز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر افسران اور جوانوں کی لازوال قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے منفی استعمال کی روک تھام کے ذریعے ایسے واقعات میں کمی لائی جا سکتی ہے، جبکہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔








