باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کی شناخت کیلئے پی سی بی کا خصوصی پلان
لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے ملک بھر سے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو تلاش کیا جا رہا ہے، پروگرام میں 1400 اسکولوں کے 21 ہزار طلبہ حصہ لے رہے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ اسکول کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے گوادر سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک ملک بھر کے اسکولوں کو پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران مجموعی طور پر 2900 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل دسمبر میں ہوگا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹاپ 50 ٹیموں کو پاکستان کرکٹ بورڈ اپنائے گا۔
چیئرمین پی سی بی کے مطابق منتخب اسکولوں کے کھلاڑیوں کی تربیت، غذائیت اور دیگر ضروریات کا خیال رکھا جائے گا، جبکہ ایسے اسکول جہاں کرکٹ گراؤنڈ یا دیگر سہولیات موجود نہیں، وہاں ضروری سہولیات فراہم کرنے کی بھی کوشش کی جائے گی۔
محسن نقوی نے بتایا کہ اسکول کرکٹ کو مستقل بنیادوں پر فروغ دینے کیلئے پی سی بی میں ڈائریکٹر اسکول کرکٹ تعینات کیا جائے گا اور مکمل ٹیم تشکیل دی جائے گی، جو سال بھر اسکولوں سے رابطے میں رہ کر نئے ٹیلنٹ کی تلاش جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ صرف ٹیم کی مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر ٹیلنٹ کا انتخاب کافی نہیں، کیونکہ کسی کم کارکردگی دکھانے والی ٹیم میں بھی کوئی غیر معمولی صلاحیت رکھنے والا کھلاڑی موجود ہوسکتا ہے۔
اس مقصد کیلئے کرکٹرز کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جا رہی ہے جو انفرادی طور پر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔ چیئرمین پی سی بی کے مطابق تقریباً 25 نوجوان کھلاڑیوں پر پہلے ہی اکیڈمی کی سطح پر کام جاری ہے اور ان کے حوالے سے آئندہ چند روز میں اہم اعلان متوقع ہے۔
محسن نقوی نے اسکول کرکٹ کے فروغ کیلئے میڈیا اور متعلقہ حلقوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں سے سامنے آنے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کی شناخت کیلئے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال اسکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شریک اسکولوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر جائے گی۔







