پشاور: اے این ایف کی بڑی کارروائی، منشیات کی تیاری کے 2 نیٹ ورک پکڑے گئے
پشاور: اینٹی نارکوٹکس فورس نے حسن گڑھی اور ملاکنڈھیر میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیر معیاری نشہ آور گولیاں تیار کرنے والے 2 غیر قانونی یونٹس بے نقاب کردیئے، 5 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق حسن گڑھی میں کارروائی کے دوران 4 ملزمان گرفتار ہوئے، جن میں ایک فارماسسٹ بھی شامل ہے۔ موقع سے 25.910 کلوگرام مختلف کیمیکل، 4500 تیار شدہ نشہ آور گولیاں، مشینری اور 3 گاڑیاں برآمد کی گئیں۔
اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان ماہانہ 90 ہزار سے 1 لاکھ تک نشہ آور گولیاں تیار کررہے تھے۔ دوسری کارروائی ملاکنڈھیر میں کی گئی، جہاں ایک غیر قانونی مینوفیکچرنگ یونٹ سے 4.500 کلوگرام ایکسٹیسی ٹیبلٹس، خام مال اور ٹیبلٹس بنانے والی مشین برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق دونوں یونٹس انتہائی غیر معیاری اور مقامی سطح پر قائم تھے، جہاں تیار ہونے والی منشیات انسانی جانوں کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں۔ اے این ایف نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔







