کوہاٹ حملہ: کلیئرنس آپریشن مکمل، پولیس لائنز میں داخل تمام دہشتگرد ہلاک

کوہاٹ حملہ: کلیئرنس آپریشن مکمل، پولیس لائنز میں داخل تمام دہشتگرد ہلاک

کوہاٹ: اولڈ پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے اور بعد ازاں دہشتگرد حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا۔ پولیس کے مطابق پولیس لائنز میں داخل ہونے والے 8 مسلح دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔

جی او سی کوہاٹ ڈویژن ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی جواد قمر آپریشن کے دوران فرنٹ لائن پر موجود رہے، جہاں دہشتگردوں کے گرینیڈ حملے میں ان کا ہاتھ زخمی ہوا۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے اور حملے میں شہداء کی تعداد 23 ہوگئی، جن میں 15 پولیس اہلکار اور 8 شہری شامل ہیں، جبکہ 103 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں 73 پولیس اہلکار اور 30 شہری شامل ہیں۔

سکیورٹی فورسز نے رات بھر کارروائی کے بعد پولیس لائنز اور اسپیشل برانچ کی عمارت کے اہم حصے کلیئر کرلیے۔ واقعے میں 5 سے 7 دہشتگردوں کے ملوث ہونے کی اطلاع تھی۔

شہداء کی نماز جنازہ پولیس لائنز کوہاٹ میں ادا کردی گئی، جس میں آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ شہداء کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا، دہشتگردوں کے نیٹ ورک کا سراغ لگایا جارہا ہے اور سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

More News