بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ وفاقی بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے اور معیشت کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی پالیسیوں کی تشکیل میں کاروباری برادری کی مشاورت انتہائی اہمیت رکھتی ہے اور حکومت نجی شعبے کے ساتھ مل کر ملک کی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملک کے معروف صنعتکاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال، سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ وفد میں میاں محمد منشا، عارف حبیب، عاطف باجوہ، محمد علی ٹبہ، مصدق ذوالقرنین اور دیگر نمایاں کاروباری شخصیات شامل تھیں۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کاروباری برادری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکار اور سرمایہ کار پاکستان کی معیشت کے حقیقی سفیر ہیں جو دنیا بھر میں ملک کی مثبت شناخت کو اجاگر کرتے ہیں۔ انہوں نے مشکل معاشی حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پر کاروباری طبقے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط شراکت داری ہی پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ غیر رسمی معیشت کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے تاکہ ٹیکس نظام کو مزید مؤثر اور منصفانہ بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی بہتری کے لیے ٹیکس اصلاحات اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ کاروبار دوست پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت میں استحکام آیا ہے اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے ماڈل پر عمل پیرا ہے کیونکہ یہی پائیدار اقتصادی ترقی کا مؤثر راستہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صنعت، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان شعبوں میں سرمایہ کاری اور ترقی سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جس سے عوام کی زندگیوں میں بہتری آئے گی۔
ملاقات میں شریک کاروباری وفد نے حکومت کی جانب سے ٹیکس اصلاحات، کاروباری آسانیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ اس موقع پر وفد کو صنعت، تجارت اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق حکومتی پالیسیوں اور منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔








