تجاوزات کے خاتمے میں کسی کی سفارش نہیں چلے گی، فیصل کریم کنڈی
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے جاری آپریشن میں کسی کی سفارش قبول نہیں کی جائے گی اور غیر قانونی قبضوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
گورنر نے یہ بات پشاور میں پشاور ہائی کورٹ کے سامنے جاری تجاوزات مخالف آپریشن کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی راستوں سے غیر قانونی تجاوزات ختم کرکے انہیں ٹریفک اور شہریوں کی آمدورفت کے لیے بحال کیا جائے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو درپیش مشکلات دور کرنے کے لیے قوانین پر سختی سے عمل درآمد ضروری ہے۔ کسی بھی سیاسی یا بااثر شخصیت کی سفارش کو کارروائی میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مقامات کو تجاوزات سے پاک کرنے اور شہری سہولیات بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔








