ترکیہ کے معروف اداکار سرحات مصطفیٰ کیلیچ گھر میں مردہ پائے گئے

ترکیہ کے معروف اداکار سرحات مصطفیٰ کیلیچ گھر میں مردہ پائے گئے

استنبول: ترکیہ کے معروف اداکار سرحات مصطفیٰ کیلیچ اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائے گئے، تاہم ان کی اچانک موت کی وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آسکی۔

ترکیہ کے میڈیا کے مطابق 51 سالہ اداکار کو 5 ستمبر کو استنبول کے ضلع کاغتھانے میں واقع ان کے اپارٹمنٹ کے ایک کمرے میں کرسی پر بے حس و حرکت پایا گیا۔ ان کی گرل فرینڈ اوزلم ای کے مطابق وہ 3 ستمبر سے سرحات مصطفیٰ کیلیچ سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق مسلسل رابطہ نہ ہونے پر اوزلم ای اداکار کے گھر پہنچیں۔ گھر میں داخل ہونے کے بعد انہوں نے سرحات کیلیچ کو بے ہوش حالت میں دیکھا اور فوری طور پر ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی۔

طبی امدادی ٹیمیں اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچیں اور معائنے کے بعد اداکار کے انتقال کی تصدیق کردی۔

سرحات مصطفیٰ کیلیچ کی موت کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی، جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی موت کی وجہ سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔

سرحات مصطفیٰ کیلیچ نے 1998 میں تھیٹر سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے ترکیہ کے متعدد مقبول ٹی وی ڈراموں اور سیریز میں کام کیا اور اپنی اداکاری کے باعث ناظرین میں پہچان بنائی۔

اداکار نے سوز، کورلوش عثمان اور محمد فاتح سمیت مختلف ٹی وی پروجیکٹس میں کردار ادا کیے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد ترکیہ کی شوبز اور ڈرامہ انڈسٹری میں افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

سرحات مصطفیٰ کیلیچ کی اچانک موت نے ان کے مداحوں کو بھی صدمے سے دوچار کردیا ہے، جبکہ ان کے اہل خانہ، دوستوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

More News