ججز کی فلاح و بہبود عدالتی آزادی اور قانون کی حکمرانی کی بنیاد ہے، چیف جسٹس

ججز کی فلاح و بہبود عدالتی آزادی اور قانون کی حکمرانی کی بنیاد ہے، چیف جسٹس

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ ججز انتہائی مشکل حالات میں اہم ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، مضبوط نظامِ انصاف کے لیے ججز کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

عالمی یومِ عدالتی فلاح و بہبود کے موقع پر اپنے پیغام میں چیف جسٹس نے کہا کہ مضبوط نظامِ انصاف کی بنیاد صرف قوانین اور اداروں پر نہیں بلکہ ججز کی فلاح و بہبود پر بھی قائم ہوتی ہے۔ عدالتی فلاح و بہبود انفرادی مسئلہ نہیں بلکہ عدالتی آزادی، ادارہ جاتی دیانت داری اور قانون کی حکمرانی پر عوامی اعتماد کی بنیاد ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آزاد، غیر جانب دار اور معیاری انصاف کی فراہمی کے لیے ججز کو مضبوط ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنا ضروری ہے۔ پیشہ ورانہ ترقی، جدید عدالتی ماحول اور مؤثر انتظامی نظام عدالتی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عدلیہ اپنے اصلاحاتی ایجنڈے میں عدالتی فلاح و بہبود کو بنیادی اہمیت دے رہی ہے، جبکہ ڈیجیٹل تبدیلی، بہتر عدالتی بنیادی ڈھانچہ، ادارہ جاتی معاونت اور عدالتی تعلیم بھی اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ججز کو مضبوط بنانا درحقیقت نظامِ انصاف کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں ملک بھر کے ججز کی دیانت داری، عزم اور پیشہ ورانہ خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

More News