جشنِ آزادی: اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہیوی ٹریفک پر پابندی
اسلام آباد: جشنِ آزادی کے موقع پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق پابندی 13 اور 14 اگست کو نافذ رہے گی، جس کا مقصد جشنِ آزادی کے دوران جڑواں شہروں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا اور شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
ترجمان کے مطابق ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی 13 اگست رات 12 بجے سے 14 اگست رات 12 بجے تک ہوگی۔ اس دوران بھاری گاڑیوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
موٹروے پولیس نے ٹرانسپورٹرز اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پابندی کے اوقات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے سفری منصوبے ترتیب دیں اور مقررہ وقت کے دوران ہیوی ٹریفک کو جڑواں شہروں کی جانب لانے سے گریز کریں۔
دوسری جانب جشنِ آزادی کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد اور مختلف وفود کی آمدورفت کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے بھی ٹریفک کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کے لیے مختلف مقامات پر ڈائیورشنز دیے جانے کا امکان ہے۔








