جنوبی وزیرستان لوئر میں 22 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ، عوام شدید مشکلات کا شکار
جنوبی وزیرستان لوئر میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جہاں شہریوں کے مطابق روزانہ تقریباً 22 گھنٹے بجلی بند رہتی ہے، جس کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
بجلی کی مسلسل بندش سے کسان، زمیندار، تاجر، دکاندار اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ زرعی امور کی انجام دہی بھی مشکل ہوگئی ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جدید دور میں بھی انہیں روزانہ صرف چند گھنٹوں کے لیے بجلی فراہم کی جاتی ہے، جس سے گھریلو اور کاروباری زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں بھی مشکلات درپیش ہیں۔
شہریوں کے مطابق بجلی کی غیر اعلانیہ بندش نے پہلے سے مشکلات کا شکار عوام کے مسائل میں مزید اضافہ کردیا ہے، جبکہ کاروباری طبقہ بھی مالی نقصان سے دوچار ہے۔
علاقہ مکینوں نے وفاقی حکومت، متعلقہ حکام اور واپڈا سے مطالبہ کیا ہے کہ جنوبی وزیرستان لوئر میں 22 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے، غیر اعلانیہ بندش ختم کی جائے اور بجلی کی فراہمی کا دورانیہ بڑھا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔








