جی ایچ کیو حملہ کیس: عمر ایوب، مراد سعید اور ذلفی بخاری سمیت 47 ملزمان کو 10،10 برس قید کی سزا
راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے 47 اشتہاری ملزمان کو 10،10 برس قید کی سزا اور 5،5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، ساتھ ہی ان کی جائیدادیں بھی ضبط کرنے کا حکم دیا گیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ سزا پانے والے ملزمان جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پر حملوں میں ملوث تھے۔ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق یہ ملزمان پرتشدد احتجاج کی منصوبہ بندی میں مرکزی کردار رکھتے تھے۔
سزا پانے والوں میں عمر ایوب، زرتاج گل، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوذب، راشد شفیق، شہباز گل، ذلفی بخاری، محمد احمد چٹھہ، رائے حسن نواز اور رائے محمد مرتضیٰ شامل ہیں۔ مزید برآں، شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرا اور اعجاز خان جازی کو بھی قید اور جرمانے کی سزا دی گئی۔
عدالت نے بتایا کہ مقدمے میں اب تک استغاثہ کے 44 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جبکہ 118 ملزمان میں سے 18 دورانِ ٹرائل غیر حاضر اور 29 مقدمے کے اندراج کے بعد عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت 47 ملزمان کا علیحدہ ٹرائل چلایا گیا اور اشتہاری ملزمان کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے 7 دن کا موقع دیا گیا، تاہم کوئی بھی پیش نہیں ہوا۔
فیصلے کے مطابق ملزمان پر 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، پولیس پر حملے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات تھے۔ مقدمے میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سمیت 118 ملزمان پر دسمبر 2024 میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔









