خیبرپختونخوا اسمبلی میں بچوں کے تحفظ سے متعلق قرارداد منظور

خیبرپختونخوا اسمبلی میں بچوں کے تحفظ سے متعلق قرارداد منظور

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی نے بچوں کے خلاف زیادتی، تشدد، اغوا، قتل اور جنسی جرائم کے بڑھتے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بچوں کے تحفظ سے متعلق قرارداد منظور کرلی۔

قرارداد میں بچوں کے خلاف جنسی جرائم سے متعلق قوانین کو مزید مؤثر بنانے اور ان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

قرارداد کے مطابق بچوں کے خلاف جرائم کی تفتیش کے لیے پولیس کے تفتیشی نظام، خصوصی تفتیشی یونٹس اور فرانزک سہولیات کو بہتر بنایا جائے، جبکہ جدید فرانزک اور تفتیشی طریقوں کو بھی بروئے کار لایا جائے۔

اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ بچوں کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف فوری اور تیز ترین قانونی کارروائی کی جائے اور ایسے عناصر کو قرار واقعی سزا دلانے کو یقینی بنایا جائے۔

قرارداد میں متاثرہ بچوں اور ان کے خاندانوں کو قانونی، نفسیاتی اور سماجی معاونت فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے موجود قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور اداروں کے درمیان بہتر رابطہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

More News