خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اقدام، قدرتی آفات کے متاثرین کے لیے ڈیجیٹل معاوضہ نظام متعارف
پشاور(نیوز ڈیسک ) حکومت خیبرپختونخوا نے قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو مالی امداد کی فراہمی کے عمل کو مزید شفاف، تیز اور مؤثر بنانے کے لیے ڈیجیٹل ڈیزاسٹر کمپنسیشن مینجمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق نئے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے متاثرین کی امدادی درخواستوں کی وصولی، جانچ پڑتال، منظوری اور مالی معاوضے کی ادائیگی ایک مربوط آن لائن نظام کے تحت کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد امدادی رقوم کی بروقت فراہمی، شفافیت میں اضافہ، انسانی مداخلت میں کمی اور درخواستوں کی جلد پراسیسنگ کو یقینی بنانا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق قدرتی آفات سے متاثرہ افراد اپنی درخواستیں متعلقہ ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم ڈیجیٹل ڈیزاسٹر کمپنسیشن مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے جمع کرا سکیں گے۔ درخواست موصول ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نقصانات کی تصدیق کرے گی، جس کے بعد حکومتی پالیسی کے مطابق اہل متاثرین کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ یہ نظام حکومت کے عوام دوست اقدامات کا حصہ ہے، جس کا مقصد قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کو بروقت، شفاف اور منصفانہ مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ قدرتی آفات کی صورت میں امدادی درخواست جمع کرانے کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنر آفس سے رابطہ کریں اور مطلوبہ دستاویزات فراہم کریں تاکہ امدادی کارروائی بروقت مکمل کی جا سکے۔








