خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے تباہی، جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہوگئی

خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے تباہی، جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہوگئی

پشاور: خیبرپختونخوا میں 19 جولائی سے جاری موسلادھار بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہوگئی، جبکہ 29 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث 47 مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے جبکہ سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے واقعات پیش آئے۔ جاں بحق افراد میں 10 مرد، 15 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 13 مرد، 9 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 47 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 37 مکانات کو جزوی جبکہ 10 کو مکمل نقصان پہنچا ہے۔

بارشوں اور سیلابی صورتحال سے متاثرہ اضلاع میں پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، اپر کوہستان، ٹانک، تورغر، کرم اور شمالی و جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے سے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرین کو فوری امدادی سامان فراہم کرنے اور امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بلا ضرورت سفر سے گریز کریں، حساس اور سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری الرٹس اور ہدایات پر عمل کریں۔

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع، موسمی صورتحال سے متعلق معلومات اور رہنمائی کے لیے مفت ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

More News