خیبرپختونخوا میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی، گورنر فیصل کریم کنڈی
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا معائنہ کرتے ہوئے صوبے بھر میں ناجائز قبضوں کے خاتمے اور سڑکوں کو ٹریفک کے لیے کھولنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ہائی کورٹ کے سامنے جاری آپریشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی بلاامتیاز ہوگی اور کسی بھی سیاسی شخصیت کی سفارش قبول نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ہائی کورٹ کے سامنے بند راستہ فوری طور پر عوام اور ٹریفک کے لیے کھولا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں شفافیت اور بہتر طرز حکمرانی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ عوامی مفاد کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔
گورنر نے مزید کہا کہ ماضی میں غیر ضروری منصوبے شروع کرکے قومی وسائل ضائع کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خاتمے اور عوامی راستوں کی بحالی کا مقصد شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا اور عوامی مقامات تک رسائی آسان بنانا ہے۔








