خیبرپختونخوا میں خواجہ سراؤں کے لیے خصوصی پولیس ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ
پشاور: خیبرپختونخوا میں خواجہ سراؤں کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں پولیس سے متعلق سہولیات کی فراہمی کے لیے تھانوں میں خصوصی پولیس ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پشاور پولیس کے مطابق چارسدہ میں صوبے کے پہلے ٹرانس جینڈر پولیس ڈیسک کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے، جہاں خواجہ سراؤں کو پولیس سے متعلق شکایات اور دیگر مسائل کے حل کے لیے خصوصی سہولت فراہم کی جائے گی۔
حکام کے مطابق خصوصی ڈیسک پر خواجہ سراؤں کی نمائندگی بھی شامل ہوگی، تاکہ ان کے مسائل کو براہ راست سنا اور بہتر انداز میں حل کیا جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد پولیس سے متعلق معاملات میں خواجہ سراؤں کے لیے رسائی آسان بنانا اور ان کی شکایات کے ازالے کا مؤثر طریقہ کار فراہم کرنا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چارسدہ میں پہلے ڈیسک کے قیام کے بعد اس اقدام کو دیگر علاقوں تک بھی وسعت دینے کے امکانات ہیں، تاکہ خواجہ سراؤں کو پولیس سے متعلق مسائل کے حل کے لیے مخصوص پلیٹ فارم دستیاب ہو۔






