خیبرپختونخوا میں ریسکیو 1122 کے 27 افسران کی ترقیاں، رینک لگانے کی تقریب
پشاور: ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے صوبائی ہیڈکوارٹر پشاور میں ترقی پانے والے 27 افسران اور اہلکاروں کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں سیکرٹری ریلیف سہیل خان اور ایڈیشنل سیکرٹری ریلیف ضیاء الرحمان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں سیکرٹری ریلیف سہیل خان اور ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 شاہ فہد نے ترقی پانے والے افسران و اہلکاروں کو رینک بیجز لگائے۔
محکمہ جاتی ترقیاتی کمیٹی کے فیصلے کے تحت ایک پروکیورمنٹ آفیسر کو ڈپٹی ڈائریکٹر پروکیورمنٹ گریڈ 18، 7 ایمرجنسی افسران کو ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر گریڈ 18 جبکہ 19 اسٹیشن ہاؤس انچارجز کو ایمرجنسی آفیسر گریڈ 17 کے عہدوں پر ترقی دی گئی۔
سیکرٹری ریلیف سہیل خان نے ترقی پانے والے اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے عوامی خدمت میں ریسکیو اہلکاروں کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ میں میرٹ، سینئرٹی اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ مہارت حاصل کرنے والے اہلکاروں کے لیے فاسٹ ٹریک پروموشن کا طریقہ کار بھی وضع کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 شاہ فہد نے کہا کہ حالیہ بھرتیاں میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر مکمل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو اہلکار مشکل حالات میں اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر عوام کی خدمت کرتے ہیں، اس لیے ان کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔





