خیبرپختونخوا میں سرکاری نرخ پر 3 لاکھ سے زائد آٹے کے تھیلے فراہم
پشاور: محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے گزشتہ ہفتے صوبے بھر میں سرکاری نرخ پر فراہم کیے جانے والے آٹے کے اعداد و شمار جاری کردیئے۔ محکمہ خوراک کے مطابق شہریوں کو مقررہ نرخ پر 3 لاکھ 6 ہزار 303 آٹے کے تھیلے فراہم کیے گئے۔
محکمہ خوراک کے مطابق صوبے بھر میں 1639 فعال آٹا ڈیلرز کے ذریعے شہریوں کو سرکاری نرخ پر آٹا فراہم کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ آٹے کے تھیلے پشاور ڈویژن میں فراہم کیے گئے، جہاں شہریوں کو 86 ہزار 854 تھیلے دیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق مردان ڈویژن میں 40 ہزار 401 جبکہ ملاکنڈ ڈویژن میں 59 ہزار 264 آٹے کے تھیلے سرکاری نرخ پر فراہم کیے گئے۔ اسی طرح ہزارہ ڈویژن میں 65 ہزار 682 تھیلے شہریوں کو فراہم کیے گئے۔
محکمہ خوراک کے اعداد و شمار کے مطابق بنوں ڈویژن میں 20 ہزار 700، ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں 33 ہزار 402 جبکہ کوہاٹ ڈویژن میں 23 ہزار 224 آٹے کے تھیلے سرکاری نرخ پر فراہم کیے گئے۔
محکمہ خوراک کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی کا مقصد شہریوں کو مقررہ قیمت پر بنیادی غذائی ضرورت کی اشیا کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔





