خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے زیر اہتمام طالبات اور خواتین کا شنکیاری ٹی گارڈن کا تعلیمی و سیاحتی دورہ

خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے زیر اہتمام طالبات اور خواتین کا شنکیاری ٹی گارڈن کا تعلیمی و سیاحتی دورہ

پشاور(نیوز ڈیسک )خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سیاحت و ثقافت ملک عدیل اقبال کی ہدایات پر ایگری ٹورازم کے فروغ کے لیے طالبات، خواتین اور فیملیز کے لیے شنکیاری ٹی گارڈن، ریسرچ سنٹر اور ہزارہ یونیورسٹی کے عجائب گھر کا ایک روزہ تعلیمی و سیاحتی دورہ منعقد کیا۔

دورے کے دوران شرکاء کو مانسہرہ میں قائم شنکیاری ٹی گارڈن میں چائے کی کاشت، تحقیق، پراسیسنگ اور پیکنگ کے مختلف مراحل سے عملی طور پر آگاہ کیا گیا، جبکہ ماہرین نے مقامی چائے کی پیداوار، اس کی معاشی اہمیت اور زرعی شعبے میں اس کے امکانات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

شرکاء نے ہزارہ یونیورسٹی کے عجائب گھر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں خطہ ہزارہ کی قدیم تہذیب، ثقافتی ورثے، آثارِ قدیمہ اور تاریخی نوادرات سے متعارف کرایا گیا۔ بعد ازاں وفد نے سیرن وادی کی قدرتی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ مقامی ثقافت اور روایتی طرزِ زندگی کا بھی مشاہدہ کیا۔

دورے میں شریک افراد نے پاکستان کے بڑے چائے کے باغات میں سیر کے علاوہ مقامی سطح پر تیار کی جانے والی چائے، قہوہ، شہد اور دیگر زرعی و دستکاری مصنوعات بھی خریدیں۔

شرکاء نے خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایگری ٹورازم جیسے پروگرام نوجوان نسل کو زراعت، ماحول دوست سیاحت، قدرتی وسائل کے تحفظ اور مقامی ثقافت سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

More News