سوات سے 2 ہزار سے زائد افغان شہری وطن واپس، 997 افراد اب بھی ضلع میں موجود
سوات(نیوز ڈیسک )حکومت کی جانب سے مقررہ ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد سوات میں افغان مہاجرین کی مرحلہ وار وطن واپسی کا عمل جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز مزید 7 خاندانوں کے 101 افغان شہریوں کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد افغانستان روانہ کر دیا گیا۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق سوات میں رجسٹرڈ 3 ہزار 71 افغان باشندوں میں سے اب تک 2 ہزار 74 افراد وطن واپس جا چکے ہیں، جبکہ 117 خاندانوں پر مشتمل 997 افراد اب بھی ضلع میں موجود ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ باقی ماندہ افغان خاندانوں کے ریکارڈ کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور انہیں حکومتی پالیسی اور قانونی طریقہ کار کے مطابق مرحلہ وار وطن واپس بھیجا جائے گا۔
حکام کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں سے متعلق حکومتی ہدایات پر عملدرآمد جاری ہے اور تمام کارروائیاں قانون و ضابطے کے مطابق انجام دی جا رہی ہیں۔








