خیبرپختونخوا پولیس کا مائننگ ایکسپلوسیو کے دہشتگردی میں استعمال کو روکنے کیلئے حکمت عملی بنانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا پولیس کا مائننگ بارودی مواد کے دہشتگردی میں استعمال کی روک تھام کے لیے نئی حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ

پشاور:سید عدنان

خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردی کی کارروائیوں میں مائننگ بارودی مواد کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس رجحان کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق حالیہ تحقیقات اور مختلف واقعات کے تجزیے سے یہ شواہد سامنے آئے ہیں کہ دہشتگرد عناصر دیسی ساختہ بموں (آئی ای ڈیز) کی تیاری میں مائننگ کے شعبے میں استعمال ہونے والے بارودی مواد کو استعمال کر رہے ہیں، جس کے باعث سکیورٹی اداروں نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ دہشتگردی کے کم از کم 10 واقعات میں مائننگ ایکسپلوسیو کے استعمال کے شواہد ملے ہیں، جس کے بعد اس بارودی مواد کی خرید و فروخت، ترسیل اور استعمال کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات تجویز کیے جا رہے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق دہشتگردی میں مائننگ ایکسپلوسیو کے استعمال کی روک تھام کے لیے انسداد دہشتگردی محکمہ (سی ٹی ڈی) اور اسپیشل برانچ پر مشتمل خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ یہ کمیٹیاں نہ صرف مائننگ بارودی مواد کے ممکنہ غلط استعمال کا جائزہ لیں گی بلکہ دہشتگردوں کی جانب سے استعمال کیے جانے والے بارودی مواد کے دیگر ذرائع کی بھی نشاندہی کریں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئی حکمت عملی کے تحت بارودی مواد کی نقل و حمل، ذخیرہ اندوزی اور استعمال کے طریقہ کار پر کڑی نظر رکھی جائے گی، جبکہ متعلقہ اداروں اور مائننگ سیکٹر کے ساتھ رابطوں کو بھی مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کا بروقت سراغ لگایا جا سکے۔

خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ سکیورٹی ادارے دہشتگرد عناصر کے نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردی میں استعمال ہونے والے بارودی مواد کے ذرائع محدود کرنا سکیورٹی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

More News

Crime

خیبرپختونخوا پولیس کا مائننگ ایکسپلوسیو کے دہشتگردی میں استعمال کو روکنے کیلئے حکمت عملی بنانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا پولیس کا مائننگ بارودی مواد کے دہشتگردی میں استعمال کی روک تھام کے لیے نئی حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ پشاور:سید عدنان خیبرپختونخوا

Read More »