خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں 120 فیصد الاؤنس کی تجویز، سمری گورنر کو ارسال

خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں 120 فیصد الاؤنس کی تجویز، سمری گورنر کو ارسال

پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کے اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے اور سیکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر خصوصی الاؤنس دینے کی تجویز سامنے آگئی۔ اس سلسلے میں تیار کردہ سمری منظوری کے لیے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو ارسال کردی گئی ہے۔

تجویز کے مطابق پولیس اہلکاروں کی فیلڈ ڈیوٹی اور سیکیورٹی خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی چیلنج الاؤنس کی مد میں بنیادی تنخواہ کے 120 فیصد تک اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

سمری میں جنوبی اضلاع اور ضم شدہ قبائلی اضلاع میں تعینات پولیس اہلکاروں کے لیے بنیادی تنخواہ کے 120 فیصد کے برابر الاؤنس تجویز کیا گیا ہے، جبکہ صوبے کے دیگر آباد اضلاع میں خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کے لیے 100 فیصد الاؤنس کی سفارش کی گئی ہے۔

متعلقہ حکام کے مطابق اس تجویز کا مقصد دہشت گردی کے خلاف طویل عرصے سے خدمات انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کی مالی معاونت اور فلاح و بہبود کو بہتر بنانا ہے۔

خیبرپختونخوا پولیس کو دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں اور حساس علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے کے دوران مختلف سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا رہتا ہے۔ مجوزہ الاؤنس سے متعلق حتمی فیصلہ منظوری کے بعد ہوگا۔

More News