خیبر میں ساڑھے چھ سال بعد پولیو کا نیا کیس رپورٹ
خیبر: ضلع خیبر میں تقریباً ساڑھے چھ سال بعد پولیو کا نیا کیس سامنے آگیا ہے، جس کی تصدیق اسلام آباد ریجنل ریفرنس لیبارٹری برائے پولیو ایریڈیکیشن نے کردی ہے۔ یہ پاکستان میں سال 2026 کا چھٹا پولیو کیس ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ بچہ 7 سالہ لڑکا ہے، جس کا تعلق تحصیل جمرود کی یونین کونسل غندی-A سے ہے۔ بچے میں ابتدائی طور پر Left Facial Palsy کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد کیس کو جمرود میں قائم ایکٹیو سرویلنس سائٹ پر رپورٹ کیا گیا۔
حکام کے مطابق ضلع خیبر میں کئی سال بعد پولیو کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔ خیبر، پشاور بلاک کا اہم ضلع ہونے کے ساتھ پاکستان میں پولیو کے اہم ریزروائرز میں بھی شمار ہوتا ہے، جس کے باعث نئے کیس کی تشخیص نے انسدادِ پولیو اقدامات کی اہمیت مزید بڑھا دی ہے۔
رواں سال ملک میں پولیو کے مجموعی کیسز کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔ ان میں سندھ کے ضلع سجاول سے ایک کیس جبکہ خیبرپختونخوا کے بنوں سے 3، وزیرستان سے ایک اور ضلع خیبر سے ایک کیس شامل ہے۔
یوں خیبرپختونخوا میں 2026 کے دوران پولیو کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 ہوگئی ہے، جبکہ ملک بھر میں مجموعی تعداد 6 تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ صحت اور انسدادِ پولیو حکام کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں نگرانی اور انسدادِ پولیو سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔








