خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیش گوئی، چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان
پشاور(نیوز ڈیسک )محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، ہنگو، کوہاٹ، کرک، ٹانک، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بھی صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی، جن میں بنوں میں 12 ملی میٹر، کاکول 11، دیر 6، بالاکوٹ 5 جبکہ کالام اور مالم جبہ میں 4 ملی میٹر بارش ہوئی۔
ادھر پشاور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ، بنوں میں 35، مالم جبہ میں 25 اور کاکول میں 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پارہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔








