خیبر پختونخوا میں نومبر کا مہینہ علامہ اقبال کے نام سے منانے کا اعلان
حکومت خیبر پختونخوا نے نومبر کا مہینہ شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے نام سے منانے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں محکمہ انتظامیہ کی جانب سے تمام انتظامی افسران کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ نومبر کے دوران سرکاری دفاتر اور اداروں میں علامہ اقبال کے افکار، نظریات اور وژن کو اجاگر کیا جائے۔
مراسلے کے مطابق تمام سرکاری اداروں میں علامہ اقبال کی فکر اور تعلیمات کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ نئی نسل کو ان کے پیغام اور قومی خدمات سے روشناس کرایا جا سکے۔








