خیبر پختونخوا پولیس میں بڑا ردوبدل، 5 سینئر افسران کے تبادلے
ایس پی انویسٹی گیشن نوشہرہ، لکی مروت، بنوں اور کوہاٹ سمیت اہم عہدوں پر افسران تبدیل
پشاور: خیبر پختونخوا پولیس میں اعلیٰ سطح پر بڑے پیمانے پر تبادلے اور تعیناتیاں کردی گئی ہیں، جن کے تحت 5 سینئر پولیس افسران کے عہدے تبدیل کیے گئے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حامد کی جانب سے 31 اگست 2026 کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تبادلے اور تعیناتیاں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی۔
نوٹیفکیشن کے تحت ایس پی انویسٹی گیشن نوشہرہ شاہ اسد خان کو موجودہ عہدے سے فارغ کرکے کمانڈنٹ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) خیبر پختونخوا کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ انہیں مزید تعینات کیا جاسکے۔
اسی طرح ڈی ایس پی صلاح الدین کو ایس پی انویسٹی گیشن لکی مروت کے عہدے سے تبدیل کرکے ایس پی سٹی بنوں تعینات کردیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی شیر حسن، جو ایس پی سٹی بنوں کے عہدے پر تعینات تھے، کو تبدیل کرکے ایس پی انویسٹی گیشن لکی مروت مقرر کیا گیا ہے۔ دونوں افسران اپنے موجودہ پے اسکیل میں ہی فرائض انجام دیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی ایس پی احسان شاہ کو ایس پی صدر کوہاٹ کے عہدے سے تبدیل کرکے ایس پی انویسٹی گیشن نوشہرہ تعینات کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈی ایس پی روح الامین کو ایس ڈی پی او ہیڈکوارٹرز کوہاٹ کے عہدے سے تبدیل کرکے ایس پی صدر کوہاٹ مقرر کردیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق تبادلوں اور تعیناتیوں کے احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔ نوٹیفکیشن کی نقول متعلقہ افسران، پولیس ہیڈکوارٹرز اور دیگر متعلقہ حکام کو بھی ارسال کردی گئی ہیں۔






