راولپنڈی میں ماں اور بیٹی کا قتل، تحقیقات کے لیے چار ٹیمیں تشکیل
راولپنڈی کے علاقے قریشی آباد میں گھر سے ماں اور بیٹی کی لاشیں ملنے کے واقعے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ابتدائی پولیس تحقیقات کے مطابق دونوں خواتین کو قتل کیا گیا۔ مقتولین کی شناخت راویلا بی بی اور ان کی 24 سالہ بیٹی نومین کے نام سے ہوئی ہے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق ماں کو گلا دبا کر جبکہ بیٹی کو سر پر آہنی چیز کے وار کرکے قتل کیا گیا۔ واقعے کے وقت گھر میں موجود پانچ سالہ نواسی اور تین سالہ نواسہ سو رہے تھے۔ پولیس نے دونوں بچوں سے بھی ابتدائی معلومات حاصل کی ہیں۔
پولیس کے مطابق مقتولہ اپنے بیٹوں سے ناراض ہوکر راولپنڈی میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھیں۔ مقتولہ کے دونوں بیٹوں کو طلب کرکے ان کے بیانات قلم بند کیے گئے، جنہوں نے پولیس کو بتایا کہ عرصہ دراز سے ان کا اپنی ماں اور بہن سے کوئی رابطہ نہیں تھا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے فرانزک شواہد جمع کرلیے ہیں، جبکہ گھر کے قریب نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کرلی گئی ہے۔ واقعے کی تفتیش کے لیے چار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن کی سربراہی ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی انویسٹی گیشنز کریں گے۔ تحقیقات میں سی سی ڈی کے ماہر افسران کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔








