ربڑ بینڈز سے دنیا کا سب سے بڑا گولا تیار، امریکی شہری نے گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا
امریکی شہری کلاڈ پی مور نے 10 سال سے زائد عرصے کی مسلسل محنت کے بعد ربڑ بینڈز سے دنیا کا سب سے بڑا گولا تیار کرکے گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ دیوہیکل گولے کا وزن 5 ہزار 252 کلوگرام سے زائد ہے۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اس منفرد گولے کی تیاری میں ہزاروں ربڑ بینڈز استعمال کیے گئے۔ کلاڈ پی مور نے بتایا کہ انہوں نے ابتدا میں ربڑ بینڈز کے چھوٹے چھوٹے گولے بنانا شروع کیے تھے، جب وہ خون کی بیماری ہیموفیلیا کے معائنے کے لیے اکثر ڈاکٹر کے پاس جایا کرتے تھے۔
مور کے مطابق 2015 میں ان کے چند ساتھیوں نے انہیں ربڑ بینڈز سے ایک بہت بڑا گولا تیار کرنے کا چیلنج دیا، جس کے بعد انہوں نے اس منصوبے پر باقاعدہ کام شروع کر دیا۔ وقت گزرنے کے ساتھ گولے کا حجم اتنا بڑھ گیا کہ اسے گھر کے گیراج میں رکھنا ممکن نہ رہا اور اسے ایک مخصوص اسٹوریج یونٹ میں منتقل کرنا پڑا۔
گزشتہ اگست میں مور اور درجنوں معاونین نے کرین کی مدد سے اس بھاری بھرکم گولے کو اسٹوریج یونٹ سے نکالا اور بیلے آئل منتقل کیا، جہاں گینیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے کی موجودگی میں اس کا باقاعدہ وزن کیا گیا۔
ریکارڈ کی تصدیق کے بعد مور نے فلوریڈا کے رہائشی جوئل واؤل کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 2008 میں تقریباً 4 ہزار 99 کلوگرام وزنی ربڑ بینڈز کا گولا تیار کیا تھا۔








