روس میں دھکا دینے پر روبوٹ نے ٹانگ مارنے کی کوشش، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
روس: روس کے ایک الیکٹرانکس اسٹور میں انسان نما روبوٹ اور ایک گاہک کے درمیان پیش آنے والے دلچسپ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سفید شرٹ پہنے ایک شخص اسٹور میں موجود ہیومینائیڈ روبوٹ کے قریب جاتا ہے اور اسے دھکا دیتا ہے۔
دھکا لگنے کے چند لمحوں بعد روبوٹ اچانک اپنی ٹانگ گاہک کی جانب بڑھاتا ہے، جس سے بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے روبوٹ نے اسے لات مارنے کی کوشش کی ہو۔
ویڈیو شیئر کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ واقعے کے بعد روبوٹ کی حرکات پر قابو پانے میں مشکلات پیش آئیں، جس کے باعث اسٹور مالک کو بالآخر روبوٹ کی پاور بند کرنا پڑی۔
ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصروں کے ذریعے واقعے پر مزاحیہ ردعمل دیا۔
ایک صارف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ لوگ سمجھتے تھے مصنوعی ذہانت ان کے صبر کا امتحان لے رہی ہے، لیکن معلوم ہوا کہ انسان ہی مصنوعی ذہانت کے صبر کو آزما رہے ہیں۔
تاہم وائرل ویڈیو اور اس کے ساتھ کیے جانے والے دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
یہ بھی واضح نہیں کہ روبوٹ کی جانب سے ٹانگ اٹھانا گاہک کے دھکے کا خودکار ردعمل تھا، روبوٹ کے پروگرام کا حصہ تھا یا اس حرکت کے پیچھے کوئی اور تکنیکی وجہ تھی۔
واقعے نے سوشل میڈیا پر انسان نما روبوٹس کے رویوں اور ان کی خودکار حرکات کے حوالے سے دلچسپ بحث چھیڑ دی ہے، تاہم ویڈیو سے صرف اتنا ہی واضح ہوتا ہے کہ روبوٹ کو دھکا دینے کے فوراً بعد اس نے اپنی ٹانگ گاہک کی سمت بڑھائی۔







