ٹرمپ کی تصویر والے یادگاری سکے مارکیٹ میں آتے ہی نایاب ہوگئے
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر والے ایک ڈالر کے یادگاری سکے جاری ہوتے ہی مارکیٹ میں نایاب ہوگئے۔
امریکی وزارتِ خزانہ کے ذیلی ادارے یو ایس منٹ نے یہ خصوصی سکے امریکا کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں جاری کیے ہیں۔
یادگاری سکے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر کے ساتھ ’’ہم خدا پر یقین رکھتے ہیں‘‘ کی عبارت بھی درج ہے، جبکہ سکے کی فروخت شروع ہوتے ہی خریداروں کی جانب سے غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔
یو ایس منٹ کی جانب سے 25 سکوں پر مشتمل ایک رول 61 ڈالر جبکہ 100 سکوں کے تھیلے کی قیمت 154 ڈالر 50 سینٹ مقرر کی گئی تھی۔
امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ ایک صدی کے دوران امریکی کرنسی پر اپنی تصویر کے ساتھ نظر آنے والے پہلے زندہ امریکی صدر بن گئے ہیں۔
تاہم امریکی قانون کے تحت کسی زندہ شخص کی تصویر باقاعدہ امریکی کرنسی پر چھاپنے کی اجازت نہیں ہے۔ ٹرمپ کے اتحادیوں کی جانب سے اس معاملے میں کانگریس میں قانون سازی کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔
یادگاری سکوں کے اجرا نے امریکی کرنسی پر زندہ صدر کی تصویر کے استعمال سے متعلق قانونی اور سیاسی بحث کو بھی دوبارہ نمایاں کردیا ہے۔
سکوں کی محدود دستیابی اور ٹرمپ کی مقبولیت کے باعث ان کے مارکیٹ میں آتے ہی نایاب ہونے کی خبریں سامنے آئی ہیں، تاہم مستقبل میں ان کی ثانوی مارکیٹ میں قیمت اور طلب میں مزید تبدیلی متوقع ہے۔







