پشاور سے لاپتہ 12 سالہ عمان کی بازیابی کے لیے ہائی کورٹ کا ملک گیر تلاش کا حکم

پشاور سے لاپتہ 12 سالہ عمان کی بازیابی کے لیے ہائی کورٹ کا ملک گیر تلاش کا حکم

پشاور: پشاور ہائی کورٹ نے فقیر آباد سے لاپتہ 12 سالہ بچے عمان کی بازیابی کے لیے ایڈووکیٹ جنرل اور سی سی پی او پشاور کو ملک بھر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس ایم عتیق شاہ نے بچے کی بازیابی سے متعلق درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ درخواست گزار کی شکایت کے ازالے اور بچے کی بحفاظت جلد بازیابی کے لیے تمام ممکنہ قانونی اقدامات کیے جائیں۔

حکم نامے کے مطابق سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں محمد سعید نے عدالت کو بتایا کہ بچے کی تلاش کے لیے تین الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ پہلی اور دوسری ٹیمیں پنجاب اور سندھ روانہ کی گئی ہیں، جبکہ تیسری ٹیم اس علاقے اور گردونواح میں تلاش کر رہی ہے جہاں بچہ رہائش پذیر تھا اور کام کرتا تھا۔

عدالت نے سی سی پی او اور متعلقہ ٹیموں کی اب تک کی کوششوں کو اطمینان بخش قرار دیا، تاہم واضح کیا کہ مکمل اطمینان اسی وقت ہوگا جب بچے کو بحفاظت بازیاب کرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 نومبر تک ملتوی کردی۔

More News