لارڈز ٹیسٹ کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ

لارڈز ٹیسٹ کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بالنگ کوچ عمر گل کو ٹیسٹ ٹیم کی ذمہ داریوں سے ہٹانے کی تیاری کی جارہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کو ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ وائٹ بال ٹیم کے بالنگ کوچ ایشلے نوفکے بھی ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ ذمہ داریاں سنبھال سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سرفراز احمد اور عمر گل انگلینڈ کے دورے کے دوران قومی ٹیم کے ساتھ موجود رہیں گے، تاہم کوچنگ اسٹاف میں تبدیلیوں سے متعلق حتمی فیصلہ نئی ٹیم مینجمنٹ کرے گی۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ اعلان متوقع ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے لیے قومی اسکواڈ میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد قومی ٹیم مینجمنٹ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں کھلاڑیوں کی کارکردگی اور آئندہ میچ کے لیے حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور اوپنر امام الحق کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امام الحق کی پنڈلی کی انجری کا لاہور میں دوبارہ معائنہ بھی کیا جائے گا، جس کے بعد ان کی مزید دستیابی سے متعلق فیصلہ ہوگا۔

تیسرے ٹیسٹ کے لیے صائم ایوب اور عرفات منہاس کو قومی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ فاسٹ بالرز رضا اللہ اور عمران جونیئر کو بھی انگلینڈ طلب کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مانچسٹر ٹیسٹ میں غازی غوری کو بطور وکٹ کیپر ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ یوں لارڈز ٹیسٹ کے بعد قومی ٹیم میں کوچنگ اسٹاف اور کھلاڑیوں دونوں سطحوں پر اہم تبدیلیاں متوقع ہیں۔

تاہم ان تمام تبدیلیوں کا حتمی فیصلہ نئی ٹیم مینجمنٹ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کرے گا۔ تیسرے ٹیسٹ سے قبل اسکواڈ اور کوچنگ اسٹاف کے حوالے سے صورتحال مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔

More News