سسٹم ری سیٹ ہونے والا ہے، چیزیں بہت بہتر ہو جائیں گی: محسن نقوی
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک کا سسٹم ری سیٹ ہونے والا ہے اور اس کے بعد معاملات میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کے لیے عوام اور کاروباری برادری کا تعاون ضروری ہے۔
لاہور چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ملکی معاشی مسائل کا حل برآمدات میں اضافے سے نکلتا ہے، اس کے لیے جامع منصوبہ بنانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران مشکل حالات کے باوجود مختلف مصنوعات مقامی سطح پر تیار کرسکتا ہے تو پاکستان بھی اپنی صنعت اور پیداوار کو فروغ دے سکتا ہے۔
انہوں نے ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ کو ترجیح دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دوسرے ممالک کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق برآمدات بڑھانے کے ساتھ مقامی پیداوار میں اضافہ بھی ضروری ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت گزشتہ چند ماہ سے بزنس پاسپورٹ پر کام کر رہی ہے، جس کا مقصد کاروباری افراد کو ویزوں کے حصول میں درپیش مشکلات کم کرنا ہے۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے مسائل کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
محسن نقوی نے کہا کہ کاروباری برادری کو ساتھ لے کر چلنے اور برآمدات میں اضافے سے ملکی معیشت کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔








