مصنوعی ذہانت کے دور میں صحافت کا بڑا چیلنج سچائی اور عوامی اعتماد برقرار رکھنا ہے، علی ڈار
لاہور: مشیر وزیراعلیٰ پنجاب علی ڈار نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے دور میں صحافت کا سب سے بڑا چیلنج سچائی اور عوامی اعتماد کو برقرار رکھنا ہے، کیونکہ جعلی ویڈیوز بنانے اور آواز کی نقل کرنے کی جدید ٹیکنالوجی کے باعث خبروں کی تصدیق پہلے سے زیادہ اہم ہوگئی ہے۔
لاہور میں گوگل اور ٹیک ویلی کے زیر اہتمام ڈیجیٹل جرنلزم امپیکٹ ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے علی ڈار نے کہا کہ موجودہ دور میں صحافیوں کے لیے خبر کی تصدیق، حقائق کی جانچ اور سچائی کی پہچان بنیادی پیشہ ورانہ مہارتیں بن چکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل صحافت پروگرام کے تحت اب تک پاکستان بھر میں 4 ہزار سے زائد صحافیوں اور طلبہ کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے صحافیوں کو خبروں کی تصدیق اور مصنوعی ذہانت کے جدید ٹولز تک رسائی دی گئی ہے۔
علی ڈار کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت محض ٹیکنالوجی نہیں بلکہ اس سے مؤثر فائدہ اٹھانے کے لیے تربیت، مہارت اور اعتماد بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ اے آئی ایک طاقتور قلم ضرور ہے، لیکن سچ اور جھوٹ کا فیصلہ صحافی کی اپنی اقدار اور پیشہ ورانہ دیانت داری نے کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ہے کہ 2029 تک پنجاب کو جنوبی ایشیا کا نمایاں اے آئی سے ہم آہنگ صوبہ بنایا جائے۔ ان کے مطابق صوبائی حکومت نے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران مختلف شعبوں میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
علی ڈار نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے ساتھ صحافتی اصولوں، ذمہ داری اور عوامی اعتماد کا تحفظ بھی ناگزیر ہے۔








