سندھ پولیس کے 33 ڈی ایس پیز کا سنٹرل پولیس آفس پشاور کا مطالعاتی دورہ
پشاور: نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تربیت سندھ پولیس کے 33 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس پر مشتمل وفد نے سنٹرل پولیس آفس پشاور کا خصوصی دورہ کیا، وفد میں 26 مرد اور 7 خواتین ڈی ایس پیز شامل تھے
ایڈیشنل آئی جی آپریشنز محمد علی باباخیل نے وفد کو خیبرپختونخوا پولیس کے جدید نظام، انسداد دہشتگردی اقدامات، تھریٹ انالیسس، جدید ٹیکنالوجی اور سیف سٹیز کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی
وفد کو بتایا گیا کہ دہشتگردی کے بدلتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کیلئے خیبرپختونخوا پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، اسلحے اور جدید تربیت سے لیس کیا گیا ہے، جبکہ ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ کے ذریعے دہشتگردوں کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں
بریفنگ میں پولیس سہولت مراکز، ڈیجیٹل پولیس خدمات، پولیس سہولت مرکز گلوبل ایپ، عوامی خدمات میں بہتری اور بیرون ملک مقیم افراد کو پولیس سہولیات کی فراہمی سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا
وفد کو خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیوں، شہدا پیکج، اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کیلئے فلاحی اقدامات سمیت محکمہ انسداد دہشتگردی اور اسپیشل برانچ کی تنظیم نو سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی
اس موقع پر یو اے وی ڈویژن، جدید ہتھیاروں کی فراہمی، ضم اضلاع میں پولیسنگ، اہلکاروں کی استعداد کار بڑھانے اور تربیتی پروگراموں پر بھی روشنی ڈالی گئی
وفد کو بتایا گیا کہ حساس اضلاع میں سیف سٹیز کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ پشاور میں سیف سٹی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح ہوچکا ہے اور جنوبی اضلاع میں منصوبے پر کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے
سندھ پولیس کے افسران نے خیبرپختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور وسائل و نفری کی کمی کے باوجود دہشتگردی کے خلاف نمایاں کامیابیوں کو سراہا
بریفنگ کے اختتام پر اعلیٰ پولیس افسران کے درمیان شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا





