سوات ایکسپریس وے پر المناک حادثہ، موٹروے پولیس کا سب انسپکٹر شہید، دو اہلکار زخمی
مردان:فیصل زادہ
سوات ایکسپریس وے پر کاٹلنگ کے قریب پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر نظام الدین شہید ہوگئے، جبکہ ایک سب انسپکٹر اور فائن کلیکشن کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب سب انسپکٹر نظام الدین اور سب انسپکٹر اکبر علی معمول کی سپیڈ انفورسمنٹ ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والی ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر اہلکاروں سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں شدید جانی نقصان ہوا۔
حادثے کے نتیجے میں موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر نظام الدین موقع پر ہی شہید ہوگئے، جبکہ سب انسپکٹر اکبر علی اور فائن کلیکشن کا ایک اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے میں ملوث گاڑی میں سوار ایک بچی بھی جان کی بازی ہار گئی، جبکہ میاں بیوی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو بھی فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ کار ڈرائیور کی مبینہ غفلت، لاپرواہی اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔
موٹروے پولیس کے اعلیٰ حکام نے شہید سب انسپکٹر نظام الدین کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دورانِ ڈیوٹی اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے شہید ہوئے۔ ادارے کی جانب سے شہید اہلکار کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔
یہ حادثہ ایک بار پھر سڑکوں پر تیز رفتاری اور غیر محتاط ڈرائیونگ کے خطرناک نتائج کی یاد دہانی کراتا ہے۔ حکام نے شہریوں سے ٹریفک قوانین کی پابندی اور محفوظ ڈرائیونگ اختیار کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔








