سوزوکی کی پہلی الیکٹرک ’کی کار‘ ای اسکائی متعارف، 310 کلومیٹر رینج

سوزوکی کی پہلی الیکٹرک ’کی کار‘ ای اسکائی متعارف، 310 کلومیٹر رینج

جاپانی آٹو موبائل کمپنی سوزوکی نے شہری سفر کو کم خرچ اور ماحول دوست بنانے کے لیے اپنی پہلی مکمل الیکٹرک ’کی کار‘ ای اسکائی (e Every) متعارف کرا دی ہے۔ کمپنی کے مطابق نئی برقی گاڑی کو خاص طور پر کم توانائی خرچ کرنے اور شہری علاقوں میں روزمرہ استعمال کو آسان بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

ای اسکائی میں 26 کلوواٹ گھنٹے کی لیتھیم آئرن فاسفیٹ (LFP) بیٹری نصب کی گئی ہے، جو ایک مرتبہ مکمل چارج ہونے پر تقریباً 310 کلومیٹر تک سفر فراہم کرسکتی ہے۔ گاڑی کو ابتدائی طور پر رواں سال نومبر میں جاپان کی مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا، جبکہ مستقبل میں دیگر عالمی مارکیٹوں میں بھی اس کی دستیابی متوقع ہے۔

سوزوکی نے گاڑی کی تیاری میں کم وزن اور توانائی کی بچت پر خصوصی توجہ دی ہے۔ کمپنی کے مطابق ای اسکائی ایک کلوواٹ گھنٹے بجلی سے تقریباً 12 کلومیٹر کا سفر طے کرسکتی ہے، جس سے اسے چھوٹی الیکٹرک گاڑیوں میں کم خرچ آپشن قرار دیا جارہا ہے۔

گاڑی کی لمبائی 3,395 ملی میٹر، چوڑائی 1,475 ملی میٹر اور اونچائی 1,625 ملی میٹر ہے، جو جاپان میں ’کی کار‘ کے لیے مقررہ قانونی حدود کے مطابق ہے۔ گاڑی کا پلیٹ فارم خاص طور پر الیکٹرک کی کارز کے لیے تیار کیا گیا ہے جبکہ بیٹری کو فرش کے نیچے نصب کیا گیا ہے، جس سے گاڑی کا توازن اور ایرو ڈائنامکس بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

ان ہاؤس الیکٹرک پاور ٹرین

ای اسکائی میں سوزوکی کا تیار کردہ پہلا ان ہاؤس ای ایکسل ڈرائیو سسٹم شامل کیا گیا ہے۔ کمپنی نے زیادہ رفتار یا طاقت کے بجائے ڈرائیو سسٹم کو چھوٹا، ہلکا اور زیادہ مؤثر رکھنے پر توجہ دی ہے۔

فاسٹ چارجنگ اور جدید فیچرز

ای اسکائی 50 کلوواٹ ڈی سی فاسٹ چارجنگ کو سپورٹ کرتی ہے، جس کے ذریعے بیٹری تقریباً 25 منٹ میں 80 فیصد تک چارج ہوسکتی ہے۔ گھر پر 3 کلوواٹ اے سی چارجر سے مکمل چارجنگ میں تقریباً 8 گھنٹے، جبکہ 6 کلوواٹ چارجر سے تقریباً ساڑھے 4 گھنٹے لگتے ہیں۔

گاڑی میں ہیٹ پمپ، ون پیڈل ڈرائیونگ اور بائی ڈائریکشنل چارجنگ سمیت کئی جدید سہولیات بھی شامل ہیں۔

جدید اور آرام دہ کیبن

اندرونی حصے میں ڈیجیٹل انسٹرومنٹ کلسٹر اور 10.1 انچ ٹچ اسکرین انفوٹینمنٹ سسٹم دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہیٹڈ اسٹیئرنگ وہیل، الیکٹرانک پارکنگ بریک، دو منزلہ سینٹر کنسول اور مسافر کی جانب کپ ہولڈر کے ساتھ ملٹی پرپز ٹرے بھی موجود ہے۔

سوزوکی نے تاحال ای اسکائی کی حتمی قیمت کا اعلان نہیں کیا، تاہم کمپنی کے مطابق گاڑی کو زیادہ سے زیادہ سستا اور عام صارف کے لیے قابلِ خرید بنانا ترجیح ہے۔ کم رینج کے بجائے 310 کلومیٹر کی ڈرائیونگ صلاحیت، کم توانائی خرچ اور جدید فیچرز اسے شہری صارفین کے لیے ایک دلچسپ الیکٹرک آپشن بنا سکتے ہیں۔

More News