سول ہسپتال مٹھی میں 8 ماہ کے دوران 480 نوزائیدہ بچے جاں بحق
تھرپارکر کے سول ہسپتال مٹھی میں رواں سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران غذائی قلت، کم وزن اور مختلف بیماریوں کے باعث 480 نوزائیدہ بچوں کے جاں بحق ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ہسپتال کے ریکارڈ کے مطابق جنوری سے اگست 2026 تک مجموعی طور پر 2732 بچوں کو ہسپتال میں داخل کیا گیا، جن میں سے 480 بچے دوران علاج جان کی بازی ہار گئے۔ اعداد و شمار کے مطابق جنوری میں 70، فروری میں 39، مارچ میں 54، اپریل میں 47، مئی میں 65، جون میں 75، جولائی میں 69 جبکہ اگست میں 61 نوزائیدہ بچے جاں بحق ہوئے۔
ریکارڈ کے مطابق اسی عرصے کے دوران 1387 بچوں کو صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا، جبکہ 106 بچوں کو مزید اور بہتر علاج کے لیے دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق تھرپارکر میں غذائی قلت بچوں کی صحت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ کم عمری میں شادی، ماؤں میں غذائی قلت، کم وزن کے ساتھ پیدائش اور مختلف وبائی امراض بھی بچوں کی اموات کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق سول ہسپتال مٹھی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے صورتحال سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنے سے گریز کیا، جبکہ دونوں جانب سے ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے کا سلسلہ جاری رہا۔
تھرپارکر میں نوزائیدہ بچوں کی اموات کے یہ اعداد و شمار علاقے میں صحت کی سہولیات، غذائی قلت اور ماں و بچے کی صحت سے متعلق موجود سنگین مسائل کی نشاندہی کرتے ہیں۔








