سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف کی یادگارِ شہداء پر حاضری، سلامی پیش کی
نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں یوم بحریہ کی مناسبت سے یادگارِ شہداء پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے دوران سربراہ پاک بحریہ نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور ملک و قوم کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ایڈمرل نوید اشرف نے یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، جبکہ شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
اس موقع پر پاک بحریہ کے افسران، چیف پیٹی آفیسرز (سی پی اوز)، سیلرز اور نیوی کے سویلین ملازمین سمیت شہداء کے اہل خانہ بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب میں پاک بحریہ کے شہداء کی قربانیوں کو یاد کیا گیا اور وطن کے دفاع کے لیے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء نے شہداء کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یوم بحریہ پاک بحریہ کے ان بہادر جوانوں اور افسران کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے جنہوں نے ملکی دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ یادگارِ شہداء پر ہونے والی یہ تقریب بھی شہداء سے عقیدت اور ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی ایک اہم کڑی تھی۔








