سونے کی قیمت میں اچانک بڑا اضافہ، عالمی مارکیٹ میں بھی تیزی
کراچی: عالمی مارکیٹ میں ایک ماہ کی کم ترین سطح تک گرنے کے بعد سونے کی قیمت میں اچانک نمایاں تیزی دیکھی گئی ہے، تاہم پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ میں 24 قیراط سونے کی قیمت 4 لاکھ 52 ہزار 500 روپے فی تولہ پر برقرار ہے۔
صرافہ مارکیٹ کے مطابق 24 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت 3 لاکھ 87 ہزار 950 روپے جبکہ 22 قیراط سونے کے 10 گرام کے نرخ 3 لاکھ 55 ہزار 621 روپے رہے۔
اسی طرح 22 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 14 ہزار 903 روپے، 21 قیراط سونے کی 3 لاکھ 96 ہزار 44 روپے جبکہ 20 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 3 لاکھ 77 ہزار 184 روپے ریکارڈ کی گئی۔
18 قیراط سونے کی قیمت 3 لاکھ 39 ہزار 466 روپے فی تولہ جبکہ 10 گرام کی قیمت 2 لاکھ 90 ہزار 963 روپے رہی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر اور امریکی ٹریژری بانڈز کی ییلڈز میں کمی کے باعث سونے کی طلب میں اضافہ ہوا۔ تازہ عالمی مارکیٹ رپورٹ کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں ایک فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز میں بھی تیزی دیکھی گئی۔
قیمتی دھاتوں کی عالمی مارکیٹ میں صرف سونا ہی نہیں بلکہ اسپاٹ سلور، پلاٹینم اور پیلیڈیم کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
مالیاتی ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کی نظریں اب امریکی روزگار کے آئندہ اعدادوشمار پر مرکوز ہیں، کیونکہ ان اعدادوشمار سے امریکی شرح سود کے حوالے سے مستقبل کی توقعات متاثر ہوسکتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں سونا 4 ہزار 400 ڈالر فی اونس کی سطح سے اوپر برقرار رہتا ہے تو 4 ہزار 500 ڈالر اور اس کے بعد 4 ہزار 700 ڈالر فی اونس کی سطحیں اہم ہدف بن سکتی ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کے اثرات آئندہ دنوں میں پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی مرتب ہونے کا امکان ہے۔







