بلوچستان میں نیشنل ہائی وے منصوبوں کی تکمیل یقینی بنا رہے ہیں: عبدالعلیم خان
وفاقی وزیر مواصلات سے گورنر بلوچستان کی ملاقات، صوبے کے مختلف شاہراہوں کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال
اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں جاری اور مجوزہ مواصلاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران قومی شاہراہ این-25، پاکستان ایکسپریس وے سمیت این ایچ اے کے دیگر منصوبوں اور بلوچستان کے مواصلاتی شعبے سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ کراچی، کوئٹہ، چمن ہائی وے این-25 کا منصوبہ تقریباً 415 ارب روپے کی لاگت سے جدید تقاضوں کے مطابق تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایکسپریس وے کی تکمیل سے کراچی اور کوئٹہ کے درمیان سفر مزید آسان اور فاصلے میں کمی آئے گی، جبکہ یہ منصوبہ بلوچستان کے اہم تجارتی روٹس میں بھی نمایاں کردار ادا کرے گا۔
وفاقی وزیر نے بلوچستان میں نیشنل ہائی وے کے دیگر منصوبوں کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بہتر شاہراہوں کا نیٹ ورک تجارت، آمدورفت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔
گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے صوبے کی شاہراہوں پر این ایچ اے کی توجہ اور جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں ژوب بائی پاس سمیت بلوچستان میں مواصلات کے شعبے سے متعلق دیگر منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی اور صوبے کی ضروریات کے مطابق شاہراہوں کے منصوبوں کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔







