پمز نرسری میں نومولود کی جان بچانے والی نرس کیلئے چینی کمپنی کا بڑا انعام

پمز نرسری میں نومولود کی جان بچانے والی نرس کیلئے چینی کمپنی کا بڑا انعام

اسلام آباد: پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر نومولود بچے کی جان بچانے والی نرس رضیہ نورین کو چینی کمپنی کی جانب سے 10 لاکھ روپے کا انعام دے دیا گیا۔

چینی کمپنی کی چیئرپرسن یان جن نے نرس رضیہ نورین کو 10 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا اور مشکل ترین حالات میں بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر یان جن نے کہا کہ ایک جان بچانا پوری انسانیت کی جان بچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ رضیہ نورین نے انتہائی مشکل اور خطرناک صورتحال میں اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نومولود کی زندگی بچائی، جو قابل تحسین عمل ہے۔

پمز اسپتال میں پیش آنے والی آتشزدگی کے دوران نرسری میں شدید دھواں پھیل گیا تھا۔ اس وقت انکیوبیٹرز میں 15 نومولود بچے موجود تھے۔ حادثے میں 14 بچے جاں بحق ہوگئے، تاہم نرس رضیہ نورین نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر ایک نومولود کو محفوظ مقام تک پہنچانے میں کامیابی حاصل کی۔

رضیہ نورین کی جانب سے دکھائی گئی غیر معمولی ہمت اور فرض شناسی کو ملک بھر میں سراہا گیا۔ ان کی کوشش اس وقت سامنے آئی جب اسپتال کی نرسری میں آگ اور دھویں کے باعث صورتحال انتہائی خطرناک ہوگئی تھی۔

اس سے قبل 3 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے بھی رضیہ نورین سے ملاقات کی تھی اور ان کی بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں ایک کروڑ روپے کا چیک دیا تھا۔ وزیراعظم نے 23 مارچ کو انہیں تمغۂ خدمت دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ مشکل اور خطرناک حالات میں اپنی جان کی پروا کیے بغیر نومولود کی زندگی بچانا ایک عظیم عمل ہے اور قوم نرس رضیہ نورین کی ہمت، جذبے اور فرض شناسی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

چینی کمپنی کی جانب سے دیا گیا حالیہ انعام بھی نرس رضیہ نورین کی بہادری اور انسانیت کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر سامنے آیا ہے۔

More News