سیکیورٹی فورسز نے تھانہ بکا خیل اور چوکی فتح خیل پر دہشت گردانہ حملہ ناکام بنا دیا

بنو: تھانہ بکا خیل اور چوکی فتح خیل پر دہشت گردانہ حملے ناکام، سیکیورٹی فورسز آپریشن جاری

بنو: تھانہ بکا خیل اور چوکی فتح خیل پر علی الصبح فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ پولیس کی بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کے باعث حملہ آور پسپا ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ بکا خیل میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان 45 منٹ جبکہ چوکی فتح خیل پر ایک گھنٹے تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے کلاشنکوف، ہینڈ گرنیڈ اور واکی ٹاکی برآمد ہوئی۔

پولیس اور سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ مزید ممکنہ خطرات کا سدباب کیا جا سکے۔ ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان اور ڈی پی او بنوں نے پولیس اہلکاروں کی بروقت اور مؤثر کارروائی کی تعریف کی۔

آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار رحمید نے پولیس کی فرض شناسی اور دلیری کو سراہتے ہوئے نقد انعام اور توصیفی اسناد کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے بروقت، مؤثر اور بھرپور کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

More News